کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر چوہدری جاوید گجر کی میزبانی میں ٹورنٹو میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کے رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور پیپلز پارٹی کینیڈا کے نائب صدر فرید خان ابڑو، سابق ایم این اے ندیم افضال چن پیپلز پارٹی ٹورنٹو کے جنرل سیکریٹری حیدر علی، پیپلز پارٹی کینیڈا کے جنرل سیکریٹری مصدق اکرام، کے کے گروپ آف کمپنیز کے مالک قیس خان، ابراہیم دانیال، پیپلز پارٹی کینیڈا کے سابق صدر سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت، کامیابی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے اور جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے دوران پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے باہمی اتحاد و یکجہتی کو مزید فروغ دینے اور پیپلز پارٹی کے جمہوری منشور و نظریے کو بیرونِ ملک پاکستانیوں تک مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

