محمد شیراز کے خلاف ہتک آمیز مواد، عدالت نے افتخار اوپل اور وسیم الرحمن کو روک دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ، ضلع جنوبی نے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر غیرمصدقہ اور ہتک آمیز مواد کی اشاعت کے معاملے میں اہم عبوری حکم جاری کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے سیکرٹری جنرل افتخار اوپل اور وسیم الرحمن کو مدعی محمد شیراز کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹا، ہتک آمیز، بدنیتی پر مبنی یا نقصان دہ مواد شائع یا وائرل کرنے سے روک دیا۔
یہ حکم ضلع جنوبی کی عدالت میں زیرِ سماعت سول سوٹ نمبر 45 مجریہ 2026 میں محمد شیراز کی جانب سے دائر کیے گئے دعویٰ ہرجانہ و ازالۂ حیثیتِ عرفی (Defamation Suit) پر جاری کیا گیا۔ مقدمے میں افتخار اوپل اور وسیم الرحمن کو مدعا علیہان نامزد کیا گیا ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق مدعا علیہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقدمے کے زیرِ التوا رہنے کے دوران مدعی کے خلاف سوشل میڈیا، ڈیجیٹل، پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم پر ایسا مواد شائع، نشر یا وائرل نہ کیا جائے جو جھوٹا، ہتک آمیز، بدنیتی پر مبنی یا نقصان دہ ہو۔
عدالت نے مزید دونوں فریقین کو عبوری حکم پر عمل درآمد کرنے اور موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت کے مطابق مقدمے کی مزید کارروائی اور حتمی فیصلہ متعلقہ قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں