حکومت 9 مئی کے بعد سے گرفتار سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے حالات معمول پر لائے، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔

ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خواتین سیاسی قیدیوں کی گرفتاری کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت خواتین سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے، 9 مئی کے بعد سے قید سیاسی رہنماؤں کو بھی رہا کیا جائے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، شاہ محمود قریشی اور محمود الرشید کو مزید قید رکھنے کا جواز نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی قیدیوں میں کئی افراد کی صحت بھی خراب ہے، حکومت مسئلے کو فوری حل کرے، حکومت سیاسی قیدیوں کے معاملے کو ایڈریس کرکے حالات معمول پر لائے، ایسی سیاست میں قوم کو الجھایا جا رہا ہے جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی کشمکش کے باعث عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، جماعت اسلامی صرف مخصوص سیاسی جماعتوں کے مطالبات تک محدود نہیں، پی ٹی آئی کی اپنی تین ڈیمانڈز ہیں، جماعت اسلامی تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر ہے، ختم نہیں کیا گیا، حکومت سے بات چیت کے باوجود جماعت اسلامی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی، وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور پیش رفت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ ہوگا۔ لیوی کا بھتہ ختم نہ کیا گیا تو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں