لسبیلہ (بیوروچیف حفیظ دانش)وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکریٹری سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی کاوشوں سے لسبیلہ ڈویژن میں صحت کارڈ کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں صحت کارڈ انشورنس کمپنی کے نمائندگان نے اوتھل میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا، جہاں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر اوتھل میر من صلاح الدین کاکڑ تھیں، جنہوں نے اوتھل میڈیکل سینٹر میں صحت کارڈ دفتر کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اوتھل میر من صلاح الدین کاکڑ نے کہا کہ لسبیلہ میں صحت کارڈ کی سہولت کا آغاز ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے غریب اور مستحق عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات اپنے ہی علاقے میں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اوتھل میڈیکل سینٹر کے مالک ڈاکٹر تولا رام لاسی کی فلاحی اور سماجی خدمات کو بھی سراہا۔انشورنس کمپنی کے نمائندگان ریجنل چیف ساؤتھ بلوچستان ہارون داؤد، پی ایم او ساؤتھ ڈاکٹر عمر اور سینئر آفیسر وشمہ لاسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صحت کارڈ کے تحت حکومت بلوچستان کی جانب سے فی خاندان دس لاکھ روپے تک کے علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیماری کی تشخیص کے لیے ضروری ٹیسٹ اور لیبارٹری کے مراحل مکمل ہونے کے بعد صحت کارڈ کے دائرہ کار میں آنے والی بیماریوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ کے تحت گائنی، زچگی، مختلف نوعیت کے آپریشنز سمیت دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور منظور شدہ علاج کی صورت میں مریض سے کوئی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کی سہولت سے لسبیلہ کے عوام کو اپنے ہی علاقے میں علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔اس موقع پر اوتھل میڈیکل سینٹر کے مالک ڈاکٹر تولا رام لاسی نے کہا کہ لسبیلہ میں صحت کارڈ کی سہولت کا آغاز وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکریٹری سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی جانب سے لسبیلہ کے عوام کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کے ذریعے علاقے کے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات اپنے ہی علاقے میں میسر آنے سے انہیں بڑی سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس اہم اقدام پر وہ وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکریٹری سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی کے مشکور ہیں، جن کی کاوشوں سے لسبیلہ کے عوام کو اپنے ہی ضلع میں صحت کارڈ کی سہولت میسر آئی ہے۔دریں اثناء اہلِ لسبیلہ نے بھی صحت کارڈ کی سہولت کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکریٹری سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کی سہولت لسبیلہ کے عوام کے لیے ایک بہترین اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے غریب اور مستحق افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات اپنے ہی علاقے میں دستیاب ہوں گی۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر فرید شاہ ہاشمی، ایم ایس ڈاکٹر اویس واجد حسین، ڈاکٹر تصدیق علی جاموٹ، سابق جنرل کونسلر پرکاش کمار لاسی، ولی محمد جاموٹ، محمد حنیف رونجھو سمیت دیگر معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

