خاران: رخشان سپورٹس و کلچر فیسٹیول، دانیال جان کبدانی کی ٹیم والی بال شوٹنگ ٹورنامنٹ کی چیمپئن بن گئی

​خاران(رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی) حکومتِ بلوچستان کے رائیز پروگرام اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے مشترکہ تعاون سے جاری رخشان سپورٹس و کلچر فیسٹیول کے سلسلے میں والی بال (شوٹنگ) ٹورنامنٹ کا شاندار اور انتہائی سنسنی خیز فائنل میچ اختتام پذیر ہو گیا۔​فائنل مقابلہ دانیال جان کبدانی کی ٹیم اور شہید مصدق جان کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اعلیٰ درجے کی کھیل کی مہارت، بہترین اسپورٹس مین شپ اور بے مثال جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ کانٹے دار مقابلے کے بعد دانیال جان کبدانی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل اپنے نام کر لیا اور ٹورنامنٹ کی چیمپئن بن گئی۔​​فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خاران عمر جمالی تھے۔ انہوں نے فائنل جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور تمام کھلاڑیوں کے کھیل کو سراہا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا:​ کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف جسمانی اور ذہنی نشوونما کا ذریعہ ہیں بلکہ یہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت، باہمی ہم آہنگی اور مثبت مسابقت کے جذبے کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ضلع خاران میں اس نوعیت کے ایونٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔​ جبکہ حکومت بلوچستان کے تعاون سے جاری رائیز پروگرام کے تحت ہونے والے کھیلوں کے اس طرح کے ایونٹس سے کھلاڑیوں کے حوصلہ افزائی ممکن ہوگی خاران کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہیں کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے سماجی برائیوں کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہیں رائیز پروگرام کے منتظمین خراج تحسین کے لائق ہیں جھنوں نے ضلع خاران میں اس پروگرام کے توسط سے کھیلوں کے فروغ کیلئے ایسے اقدامات کررہے ہیں اس موقع پر مانیٹرنگ آفیسر سید یسین شاہ احسان نے ٹورنامنٹ کے اہداف اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد خاران اور رخشان ڈویژن کے نوجوانوں کو صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لایا جا سکے اور معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دیا جا سکے۔​ ​فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ہر بہترین شاٹ پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔ تقریب میں سرکاری آفیسران، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی ضلعی ٹیم کے اراکین، ڈسٹرکٹ نیٹ ورک کے نمائندگان، علاقائی معتبرین اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے ایونٹ کی رونق کو دوبالا کیا۔​رخشان سپورٹس و کلچر فیسٹیول کے تحت انعقاد پذیر مختلف کھیلوں اور ثقافتی مقابلے علاقے کے نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور مثبت سرگرمیوں سے جڑے رہنے کے لیے ایک بہترین اور مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہو رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ونر اور رنر ٹیموں میں ٹرافی اور دیگر مہمانان کو شیلڈ تقسیم کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں