کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جناح پیپلز ٹرین کو یارو تک توسیع دینے کی قرارداد، تعمیر نو یونیورسٹی کوئٹہ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے متعلق قوانین منظور کر لیے،مختلف شعبوں کی آڈٹ رپورٹس بھی ایوان میں پیش۔ پیر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رکن سید ظفر علی آغا نے جناح پیپلز ٹرین کو کچلاک سے یاروریلوے اسٹیشن تک توسیع دینے سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے کچلاک تک جناح پیپلز ٹرین سروس کا آغاز عوام کے لئے اہم اور قابل تحسین اقدام ہے، پشین سے روزانہ بڑی تعداد میں طلبہ، ملازمین، مریض اور دیگر شہری کوئٹہ کا رخ کرتے ہیں یارو سے پشین تک 12 کلو میٹر نیا ریلوے ٹریک بچھانے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں، ایوان نے جناح پیپلزٹرین کو کچلاک سے یارو ریلوے اسٹیشن تک توسیع دینے سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔ اجلاس میں تعمیر نو یونیورسٹی کوئٹہ کا مسودہ قانون 2026 ایوان میں پیش کیا گیا جسے منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا مسودہ قانون 2026 منظورکرلیاگیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ کی جانب سے صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے موصول شدہ آڈٹ رپورٹس برائے سٹیڑن پارٹیسیپیٹری آڈٹ واسا سال2025-26 ،ہیپاٹائٹس پری وینشن اینڈ کنٹرول پروگرام فیز ٹو کی آڈٹ رپورٹ 2025-26 ، امپروونگ ہیلتھ کئیر سسٹم بلوچستان کی آڈٹ رپورٹ 2025-26 ایوان میں پیش کیں جنہیں پبلک اکاونٹ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 14 اکتوبر سہ پہر 3 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

