کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ویسٹ زون، بلوچستان ڈاکٹر قریش خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بلوچستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف عوامی خدمات، بالخصوص روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین کے نفاذ اور ڈرائیونگ لائسنسنگ کی سہولت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ویسٹ زون بلوچستان کی پیشہ ورانہ خدمات اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے خصوصی طور پر ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی (DLA) کوئٹہ کی سہولت کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے جدید اور منظم سہولت کی دستیابی صوبے کے عوام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔میر سرفراز احمد بگٹی نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام کو اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنا چاہیے اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے باقاعدہ طریقہ کار اپناتے ہوئے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی کا قیام صوبے کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے، جو نہ صرف ڈرائیونگ کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ محفوظ اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی

