پاکستانی قوم کی محبت اور حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے، ایرانی سفیر

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں ایران کے سفیر نے رضا امیری مقدم نے اسرائیل کیخلاف جنگ میں ایران کی اصولی اور جراتمندانہ حمایت پر حکومت پاکستان، صدر، وزیراعظم، آرمی چیف اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ اس تاریخی اور یادگار موڑ پر، جب عظیم ایرانی قوم ایک باوقار اور فیصلہ کن فتح کا جشن منا رہی ہے، میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کی طرف سے برادر، دوست اور مسلمان ایرانی قوم پر کی گئی ناجائز اور مسلط شدہ جارحیت کے مقابلے میں، پاکستان نے جس ثابت قدمی اور غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ انتہائی قابلِ تحسین ہے۔ایرانی سفیر نے کہا کہ میں بالخصوص صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف، اور قومی اسمبلی و سینیٹ کے معزز ارکان، علمائے کرام، سیاسی جماعتوں اور میڈیا اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اصولی اور جرات مندانہ موقف اختیار کیا۔انہوں نے کہا کہ میری دلی قدردانی وزارتِ خارجہ پاکستان کے لیے بھی ہے جس نے اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت متعدد بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلسل اور پرعزم حمایت کی۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام اور حکومتیں تاریخ بھر میں ہمیشہ بھائی چارے اور یکجہتی کے رشتے میں بندھی رہی ہیں، ایرانی عوام پاکستانی قوم کی طرف سے اس تاریخی موقع پر دکھائی گئی محبت اور حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔رضا امیری مقدم نے کہا کہ یہ عظیم فتح مسلم امہ کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ کیلئے ایک قابلِ فخر علامت کے طور پر نقش رہے گی جو قوت، خود اعتمادی، جرات اور حق کی باطل پر فتح کی مظہر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں