بھکر میں سی سی ڈی کا چھاپہ، شاہ گینگ کے 4 خطرناک اشتہاری مبینہ مقابلے میں ہلاک

لاہور (این این آئی)پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)نے خفیہ اطلاع پر ضلع بھکر کے علاقے دلے والی میں اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، خطرناک شاہ گینگ کے 4 سرکردہ ارکان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔میڈیارپورٹ کے مطابق سی سی ڈی نے ضلع بھکر میں کارروائی کے دوران خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، اس دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں خطرناک شاہ گینگ کے 4 سرغنہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔سی سی ڈی کا اشتہاریوں کے خلاف پولیس مقابلہ 2 گھنٹے تک جاری رہا، خطرناک اشتہاری ملزمان پولیس کو قتل، ڈاکے، راہزنی، بھتہ خوری سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔ہلاک ملزمان میں گلفام شاہ، عمر شاہ،حسن شاہ، اور بلال شاہ شامل ہیں، چاروں ہلاک ملزمان فیصل اباد کے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جاتے تھے، ملزمان کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق شاہ گینگ کے دیگر مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، سی سی ڈی کی پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کاروائیاں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں