صحبت پور(این این آئی)سابق صوبائی وزیر اور سیاسی وقبائلی رہنما میر اظہار حسین کھوسہ نے کہا ہے کہ ضلع صحبت پورمیں تمام واٹر سپلائی اسکیمیں بند لوگ پانی کی بوند بوند کے لئے ترس گئے ہیں، علاقے میں نہ تو بجلی ہے اور نہ پانی عوام کا جینا محال ہو گیا ہے۔ ان خیالا ت کااظہارانہوں نے یہاں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔میر اظہار حسین کھوسہ نے کہا کہ صحبت پوراور گردونواح میں تالابوں میں پانی موجود ہے مگر بجلی نہ ہونے کے سبب واٹر سپلائی اسکیمیں بند ہیں اور علاقے کے عوام پانی کی بوند بوند کے لئے ترس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قیامت خیز گرمی میں جہاں پانی کی اشد ضرورت ہے وہاں پانی بند ہو تو وقت کے حکمرانوں اور علاقے کے ذمہ داران کی نااہلی کا اور کیا ثبوت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحبت پور شہر سمیت گردونواح میں بجلی نہ ہونے کے برابر ہے، اس سخت گرمی میں علاقے کے عوام کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے، کوئی پرسان حال نہیں۔ ضلع صحبت پور کی تقریباً تمام واٹر سپلائی اسکیمیں بند ہیں، عوام نے متعدد بار حکام بالا سے رجوع کیا ہے، تاہم انہیں جوں تک نہیں رینگتی۔ میر اظہار حسین کھوسہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، صوبائی وزیر پی ایچ ای اور سیکرٹری پی ایچ ای سے اپیل کی ہے کہ خدارا ضلع صحبت پور کی عوام پر رحم کھائیں اور عوام کو اس سخت گرمی میں بجلی اور پانی جیسی سہولیات جلد از جلد فراہم کی جائیں۔

