محسن نقوی اور طلال چوہدری سے امریکی معاون وزیر خارجہ کی ملاقات،انسدادِ دہشتگردی اور داخلی سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے امریکا کے معاون وزیرِ خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا جان مارک پومرشائم نے اہم ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، داخلی سکیورٹی اور معاشی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ امریکی معاون وزیر نے اسلام آباد اور کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔فریقین نے انسدادِ دہشت گردی اور داخلی سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں پاکستان کے مائننگ، منرلز اور توانائی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے جس کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں امریکا کے ساتھ تعلقات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کو محفوظ ترین ماحول فراہم کیا جائے گا اور ہم مائننگ و توانائی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں۔جان مارک پومرشائم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کا خواہشمند ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں