اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم نے بانی کی صحت کے ساتھ طبی دہشت گردی کی ہے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں عبدالغفورانجم ہے، ان کی سرپرستی پنجاب کی جعلی حکومت کر رہی ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی کو اس حد تک ٹارچر کیا گیا کہ اہل خانہ تک کو نہ بتایا گیا، یہ جعلی حکومت کی رپورٹ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 15 فیصد تک آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جعلی حکومت کی سرپرستی میں جو ہوا اس سے ان کے عزائم سامنے آرہے ہیں، آج اگر آنکھ کے ساتھ یہ کیا تو یہ کل کچھ بھی کر سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن اور 9 مئی ہمیں یاد ہے، مریدکے میں جو ہوا وہ یاد ہے، ان کے سامنے جان کی کوئی حیثیت نہیں یہ خون کے پیاسے ہو گئے ہیں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو چاہیے کہ کیسز سماعت کیلئے مقرر کرے، اگر عدالتیں انصاف نہیں کر سکتیں تو انہیں تالے لگنے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں دہشت گردی ہوئی بلوچستان میں حالت برے ہیں، ملک کے حالات بدترین ہو رہے ہیں اور یہ سسٹم ایک بندے کو جھکانے میں لگا ہے، اگر دوست ممالک اپنا قرضہ واپس لیں تو آپ کا ڈالر چار سو روپے ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ کا مقصد پاکستان کی بہتری نہیں بلکہ بانی کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، یہ بانی کی زندگی کا مسئلہ ہے اب عوام کو کوئی نہیں روک سکے گا، اگر خیبر پختونخوا کی عوام نکلتی ہے تو پھر وہاں کی پولیس ان کو نہیں روک سکتی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ کہ عوام پْرامن انداز میں اپنا اختیار استعمال کرے گی، 16 فروری تک معائنہ ہونا چاہیے اور عبدالغفور انجم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

