خاران: ایڈیشنل کمشنر رخشان ظفر گویا کا نصیر کبدانی لبزانکی دیوان اکیڈمی کا دورہ، ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعاون کی یقین دہانی

​خاران ( رپورٹ محمدعیسی محمدحسنی) ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا نے نصیر کبدانی لبزانکی دیوان اکیڈمی خاران کا دورہ کیا۔ اکیڈمی آمد پر صدر شاہ جی شمیم، جنرل سیکرٹری شکور زائد اور نائب صدر سفرخان راسکوئی نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ معزز مہمان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں اکیڈمی کے قیام، اغراض و مقاصد اور ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔​دورے کے دوران ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا نے اکیڈمی کے لائبریری کا معائنہ سمیت مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا نے اکیڈمی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خاران جیسے خطے میں زبان و ادب کی ترویج اور فروغ کے لیے نوجوانوں کا یہ جذبہ انتہائی قابلِ تحسین اور مثبت اقدام ہے۔ نصیر کبدانی لبزانکی دیوان جس خلوص کے ساتھ ادبی خدمات سرانجام دے رہی ہے، امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ اکیڈمی زبان و ادب کی ترقی کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔​انہوں نے اکیڈمی کو درپیش مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے اور ادبی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی کروائی۔ اکیڈمی کے صدر شاہ جی شمیم نے ایڈیشنل کمشنر رخشان ڈویژن ظفر گویا کا اکیڈمی کے دورے اور حوصلہ افزائی پر دلی شکریہ ادا کیا۔​اس موقع پر اکیڈمی کے سابق صدر قیوم سادگ، فنانس سیکرٹری طاہر الہیٰ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری غنی حسرت، انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سلیم سمیت جلال فراق، محمد عیسیٰ محمد حسنی، نجیب بلوچ، آصف نور اور صابر حسنی و دیگر اراکینِ اکیڈمی بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں