کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے میدان میں تمام کارکن حق اور سچ اور تحقیق کو فروغ دیں۔ اسی حوالے سے جمعیتِ علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ماتحت یونٹوں کے سیکرٹریز اطلاعات کا اہم اجلاس ضلعی سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد کی زیرِ صدارت ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں شعبہ اطلاعات کو فعال بنانے، تنظیمی رابطوں کو مستحکم کرنے اور جماعتی سرگرمیوں کی بھرپور تشہیر سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا، شرکائے اجلاس کی آرا و تجاویز کی روشنی میں شعبے کو مزید منظم اور فعال بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے ضلعی سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالصمد حقیار، مفتی ابوبکر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعتی مؤقف کی بہتر ترجمانی اور تنظیمی سرگرمیوں کی بھرپور تشہیر کے لیے تحصیلوں اور یونٹوں کی سطح پر شعب? اطلاعات کو فعال بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام سیکرٹریز اطلاعات پر زور دیا کہ وہ پرنٹ اور سوشل میڈیا پر فعال کردار ادا کرتے ہوئے اپنے اپنے یونٹوں کی تنظیمی سرگرمیوں، اجلاسوں اور اجتماعات کے علاوہ ضلعی جماعت کے جاری کردہ اہم پالیسی مؤقف کی تشہیر کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر یونٹ اپنے اراکینِ عمومی، مجلسِ شوریٰ اور مجلسِ عاملہ پر مشتمل مشترکہ واٹس ایپ گروپ تشکیل دے، تاکہ بالائی جماعت کی ہدایات اور تنظیمی فیصلوں کی بروقت ترسیل ممکن ہو اور باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ یونٹوں کے سیکرٹریز اطلاعات اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی نشاندہی کریں اور متعلقہ جماعتی ذمہ داران کی مشاورت سے ان مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے پریس ریلیز جاری کریں۔ اخبارات میں بیانات کی اشاعت یا ذرائع ابلاغ تک رسائی میں دشواری کی صورت میں ضلعی شعبہ اطلاعات سے رابطہ کیا جائے، تاکہ ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ تحصیل، ضلع، صوبہ اور مرکز کی سطح پر منعقد ہونے والے جلسوں، اجتماعات، کانفرنسوں اور دیگر تنظیمی پروگراموں کے ساتھ ساتھ بالائی جماعت کے اہم پالیسی بیانات اور اعلانات کی بروقت اور بھرپور تشہیر کی جائے۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر فعال کارکنان کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے، جبکہ جماعتی سرگرمیوں کی اشاعت کے دوران تنظیمی نظم و ضبط، ذمہ داری اور احتیاط کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے غیر مصدقہ خبروں، غیر ذمہ دارانہ تبصروں اور غیر متعلقہ مواد کی تشہیر سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تحصیلوں اور یونٹوں کے سیکرٹریز اطلاعات اخبارات میں شائع ہونے والے بیانات، سوشل میڈیا پر ہونے والی تشہیری سرگرمیوں اور عوامی مسائل سے متعلق جاری کردہ پریس ریلیز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب رکھیں اور اپنی کارکردگی سے ضلعی شعبہ اطلاعات کو مسلسل آگاہ کرتے رہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ اطلاعات کو تحصیلوں اور یونٹوں کی سطح پر فعال، منظم اور مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ذمہ داران باہمی تعاون، ذمہ داری اور تنظیمی نظم و ضبط کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

