کوئٹہ (این این آئی)صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (PTA) بلوچستان عبدالمجید جونجو کی خصوصی ہدایات پر ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر آورلوڈنگ، بغیر روٹ پرمٹ گاڑیاں چلانے اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 14 ویگنوں کے چالان کیے گئے، جبکہ 27 ویگنوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔یہ کارروائی پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان اور ٹریفک پولیس کچھی کی مشترکہ ٹیم نے ڈی آئی جی سبی محمد پرویز عمرانی، ڈی پی او کچھی غلام مرتضیٰ بھٹو اور ڈی ایس پی سرکل شیر محمد کی نگرانی میں انجام دی۔حکام کے مطابق قومی شاہراہ پر مسافروں کی جان و مال کا تحفظ، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور پبلک ٹرانسپورٹ میں حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ حکام کے مطابق آورلوڈنگ، غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلانا، مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانا اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو سوار کرنا نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرتا ہے۔ چھت پر مسافروں کو سوار کرنے سے گاڑی کے الٹنے، اچانک بریک لگنے کی صورت میں مسافروں کے گرنے اور شدید چوٹیں لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔خصوصاً کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ٹرانسپورٹرز گاڑیوں میں مقررہ تعداد سے زیادہ مسافروں کو نہ بٹھائیں، چھتوں پر سواری کی اجازت نہ دیں، روٹ پرمٹ اور دیگر قانونی دستاویزات مکمل رکھیں اور گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائیں۔پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان اور ٹریفک پولیس کچھی نے واضح کیا کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

