سڑک کی خراب حالت بھی ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ ہے، وقار احمد

کوئٹہ(این این آئی) سیکٹر کمانڈر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس N-50 سیکٹر ون قلعہ سیف اللہ وقار احمد کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ حادثات صرف ڈرائیور کی غلطی سے نہیں ہوتے بلکہ سڑکوں کی خراب حالت بھی حادثات کی بڑی وجہ بنتی ہے۔ وقار احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ سڑک محفوظ سفر کی بنیاد ہے، تنگ سڑکیں، گڑھے، خطرناک موڑ، روڈ مارکنگ اور کیٹ آئیز کی عدم موجودگی جبکہ وارننگ سائن بورڈز نہ ہونے سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ ٹریفک والی سڑکوں پر مناسب چوڑائی، واضح روڈ مارکنگ، کیٹ آئیز، خطرے کے نشانات اور محفوظ اوورٹیکنگ کے لیے مناسب جگہ ضروری ہے۔ سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس وقار احمد کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے صرف ڈرائیوروں کو ذمہ دار ٹھہرانا کافی نہیں، متعلقہ اداروں کو بھی سڑکوں کی مرمت اور حفاظتی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے ڈرائیوروں پر زور دیا کہ وہ رفتار کی پابندی کریں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور محتاط ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک حادثات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں