کراچی (پی این پی )ملک کی معروف گلوکارہ حمیرا چنا بھی کار لفٹرز کا نشانہ بن گئیں، نیوٹاؤن بہادرآباد سے گلوکارہ کی کار چوری کرلی گئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ چوری کا واقعہ گزشتہ روز شام 5 بجے چار مینار پر پیش آیا۔مقدمہ کے متن کے مطابق گاڑی کھڑی کرکے سامان خریدنے گئے تھے، اہل خانہ کے ہمراہ واپس آئے تو گاڑی غائب تھی۔مدعی کے مطابق چوری ہونے والی گاڑی میں موبائل فون بھی موجود تھا، گاڑی میں بچوں کے نئے کپڑے، لیڈیز پرس اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔وزیرداخلہ سندھ ضیالنجار نے حمیرا چنا کی گاڑی چوری ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی اے سی ایل سی اور ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیرداخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ آرٹسٹ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، حمیرا چنا کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ہمیں احساس ہے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ کار چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تمام تکنیکی پہلوؤں پرکام کرتے ہوئے چوروں کو ٹریس کیا جائے گا۔

