امریکا ایران معاہدے کی کوششیں تیز، قطری ثالث مذاکرات کے لیے دوبارہ تہران پہنچ گئے

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی کوششوں کے سلسلے میں قطر کے ثالث جمعے کو دوبارہ ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔

قطری ثالثی کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور کسی سمجھوتے تک پہنچنے کے لیے سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے باخبر ایک عہدیدار نے بتایا کہ قطری ثالث تہران میں امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی کوششوں کے سلسلے میں بات چیت کریں گے۔

عہدیدار کے مطابق ثالثی کے یہ مذاکرات امریکا کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے تحت آگے بڑھائے جارہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر دونوں فریقوں کے درمیان سفارتی رابطے برقرار رکھنے کی کوشش کررہا ہے۔

تاہم عہدیدار نے مذاکرات کے ممکنہ نکات، قطری وفد کی ایرانی حکام سے ملاقاتوں یا کسی ممکنہ معاہدے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ ان رابطوں کے نتیجے میں کسی حتمی سمجھوتے کا اعلان کب تک ہوسکتا ہے۔

قطر اس سے قبل بھی خطے کے مختلف تنازعات میں ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ تہران میں قطری ثالثوں کی واپسی کو امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی کوششوں کے تسلسل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں