کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن کی اپیل پر تاجر رہنما راز محمد کاکڑ کے کمسن بچے مصور کاکڑ کے اغواء کے بعد شہادت کے خلاف ہفتہ کوسونے کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے احتجاجاً لیاقت بازار، عبدالستار روڈ، پرنس روڈ پر واقع اپنی دکانیں بند رکھیں۔اس موقع پر بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سردارعبدالجبار خلجی نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے 15نومبر کو دن دیہاڑے مسلح افراد نے اسکول جانے والے تاجررہنما راز محمد کاکڑ کے معصوم بیٹے مصور خان کاکڑ کو اغواء کرلیا جس کے خلاف تاجروں نے احتجاج کیا اور و زیراعلیٰ بلوچستا ن نے دھرنے میں آکر یقین دہانی کرائی تھی کہ مصور خان کاکڑ کو جلد از جلد بازیاب کرالیا جائے گالیکن7ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے معصوم بچے مصورکاکڑ کو بازیاب کرانے میں ناکام ہوئے اور گزشتہ روز معصوم بچے کی نعش برآمد کرکے ورثاء کے حوالے کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے معصوم بچے مصور کاکڑ کے اغواء اورقتل میں ملوث اصل ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے بصورت دیگر بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن شہید مصور خان کاکڑ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندان کو ہرقسم کے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

