لنڈا ندی پر حفاظتی بندات تاحال تعمیر نہ ہو سکے، اوتھل کے مکین دوبارہ ممکنہ سیلاب سے خوفزدہ

لسبیلہ(رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش)25 جولائی 2022 کو آنے والے ہولناک سیلاب نے اوتھل شہر کو شدید نقصان پہنچایا، متعدد گھر منہدم اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ دو سال گزرنے کے باوجود اب تک لنڈا ندی پر حفاظتی بندات تعمیر نہیں کیے جا سکے۔ یہ غفلت نہ صرف سابقہ تباہی کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے بلکہ آئندہ ممکنہ خطرات کے لیے آنکھیں بند کرنے جیسا بھی ہےمون سون کا موسم اپنے جوبن پر ہے، اور محکمہ موسمیات کی جانب سے خطرناک بارشوں کے سسٹم کی پیشگوئی علاقے کے مکینوں کے لیے مزید خوف کا باعث بن رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر خدانخواستہ دوبارہ سیلاب آیا تو اُن کے گھروں، مال و اسباب اور روزگار کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ وہ شہری جنہوں نے پچھلے سیلاب میں سب کچھ کھو کر بڑی جدوجہد کے بعد دوبارہ مکانات تعمیر کیے، آج پھر بے یقینی اور خوف میں مبتلا ہیں شہری حلقوں نے حکومت بلوچستان، محکمہ پی ڈی ایم اے محکمہ ایریگیشن اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری ایکشن لیتے ہوئے لنڈا ندی پر حفاظتی بندات کی تعمیر کا آغاز کریں تاکہ آئندہ سیلابی ریلوں کے شہر میں داخلے کو روکا جا سکے۔ عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مزید تاخیر کی گئی تو ممکنہ تباہی کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں