بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہیں،سیدال خان ناصر

کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف پارلیمنٹیرینز، موجودہ و سابق سینیٹرز، وکلاء، طلبہ، اور سماجی تنظیموں کے نمائندہ وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ، مہنگائی میں کمی کے لیے کوششیں، عوامی ریلیف اقدامات، اور خارجہ پالیسی پر پاکستان کے دوٹوک مؤقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفود نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ عوام دوست اور متوازن بجٹ پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد دی اور اس امر کو سراہا کہ بجٹ میں غریب عوام، کسانوں اور مزدوروں کے لیے واضح ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ وفود کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ پاکستان کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ مہنگائی کے جن کو قابو میں رکھا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم کی قیادت میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ملاقات میں مختلف صوبوں کے وفود بالخصوص سندھ، بلوچستان، اور پنجاب کے نمائندگان نے بھی بجٹ اور قومی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے حالیہ بھارتی کشیدگی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کے جرات مندانہ اور مؤثر مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی فورمز پر جس بہادری سے ان مظالم کو بے نقاب کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔وفود نے اس امر پر زور دیا کہ بھارت اور اسرائیل کے خلاف پاکستان کی خارجہ پالیسی نہ صرف حقیقت پسندانہ تھی بلکہ دنیا بھر میں مظلوم اقوام کے لیے آوازِ حق بھی بنی۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے بطور وزیرِ خارجہ پاکستان کے مؤقف کو جرات مندی سے پیش کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی جانب سے کی گئی جارحیت کا مؤثر اور سفارتی جواب دیا گیا جس سے دونوں ممالک کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم نے دنیا کو دکھایا کہ پاکستان نہ صرف اپنے مفادات کا دفاع کرنا جانتا ہے بلکہ مظلوم اقوام کے حق میں بھی آواز بلند کرتا ہے۔بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے۔ وفاقی حکومت نے بجٹ میں بلوچستان کے لیے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، نوجوانوں کے لیے تعلیمی وظائف، اور روزگار کے مواقع میں اضافہ جیسے اقدامات شامل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وہاں کے نوجوان ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں، جنہیں ہر ممکن سہولت اور پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن، تعلیم، صحت اور ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ہر قیمت پر وہاں کے عوام کے جائز حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔آخر میں تمام وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی عوامی وابستگی، قومی خدمات اور خارجہ سطح پر پاکستان کے وقار کی بحالی میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں