بلال اظہر کیانی کا جہلم اور دینہ میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ اجلاس اور مختلف علاقوں کا دورہ

جہلم(این این آئی) وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اتوار کو جہلم شہر اور مضافات میں محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔ بلال اظہر کیانی کی صدارت میں ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال، محرم کے دوران عوام، عزا داران اور محرم کے جلوسوں کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میسم عباس، ڈی پی او طارق سندھو، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹیز، ایکس ای این بلڈنگز، ہائی ویز، آئی ای سی ایس او، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن، پی ٹی سی ایل اور محرم کے دوران فرائض انجام دینے والے دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔بلال اظہر نے امام عالی مقام، حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محرم اسلامی کیلنڈر کے چار مقدس اور محترم مہنوں میں سے ایک ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان ان محترم دنوں کو مذہبی عقیدت واحترام سے مناتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ محرم کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق جلوسوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے عزاداروں کے لئے راستوں کی صفائی، بجلی کی تاروں کو ہٹانے، گٹروں کے ڈھکن چیک کرنے اور راستوں پر سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بلال اظہر کیانی نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم اور سیف سٹی سیٹ اپ کا بھی دورہ کیا اور ٹریفک کے متبادل انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی عزاداروں کے لئے سبیلوں کے قیام، فرسٹ ایڈ، کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو 1122 کے علاوہ ہسپتالوں کے طبی عملے اور ایمبولنسز کی دستیابی کو یقینی بنایاجائے۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے عزاداروں اور محرم کے جلوسوں کے لئے سہولیات اور مجموعی سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔بعد ازاں، وزیرمملکت خزانہ نے شیعہ برادری کے رہنماؤ ں اور جلوسوں کے منتظمین کے ہمراہ متعدد امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ اہل تشیع سے تعلق رکھنے وال قائدین اور علما نے انتظامات پر حکومت اور ذاتی طورپر دورہ کرنے پر بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا اور ان کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہاکہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں۔دریں اثنابلال اظہر کیانی نے تحصیل دینہ میں، امام بارگاہ چک عبدالخالق اور روہتاس جلوس کے راستے کا دورہ بھی کیا اور سہولیات و سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے 15(ریسکیو اینڈ ایمرجنسی)دفتر کا بھی افتتاح کیا، جہاں ڈی پی او نے بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں