کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی پیر کو اسلام آباد میں آفریدی ہاؤس گئے جہاں انہوں نے بزرگ سیاسی رہنماء حاجی شمیم خان آفریدی سے ان کے فرزند سینیٹر عباس خان آفریدی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ نے مرحوم سینیٹر کے انتقال کو قومی سیاست کا بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹر عباس آفریدی کی ملک و ملت کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک فعال، زیرک اور قوم دوست سیاستدان تھے جنہوں نے ہمیشہ قبائلی عوام کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سینیٹر عباس آفریدی نے پارلیمان میں اپنی تقاریر، قانون سازی اور عوامی مؤقف کے ذریعے ملکی وحدت، قومی اتفاق اور جمہوری اقدار کا علم بلند رکھا وہ ایک ایسے سیاستدان تھے جن کا کردار نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیوزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ آفریدی خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں

