کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے پروفیسرز، ٹیچرز، آفیسرز اور دیگرسر کاری ملازمین کی تنظیموں پر مشتمل گرینڈ الائنس کے عہدیدار شاہ علی بگٹی کی جیل سے رہائی کے بعد آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچنے پرآل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر سلطان محمد خان اورپاکستان سینٹرل ما ئنز لیبر فیڈریشن کے مر کز ی چیئرمین عبدالستار سمیت دیگر ٹریڈ یونین نمائندوں ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ آل پاکستان یونیورسٹیز ایمپلائز فیڈریشن بلوچستان چیپٹرکے صدر،بلوچستان یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صوبائی چیئر مین شاہ علی بگٹی کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پر لالہ سلطان محمد خان، عبدالستار، منظور بلوچ، شاہنواز، ریاض بلوچ، عبدالولید، عبدالحلیم خان، عتیق،عجب خان، محمد عرفان، شمس اللہ، عبدالستار جونیئراور شاہ وزیر سمیت دیگر ٹریڈ یونین عہدیداروں اور نمائندوں نے بلوچستان کے مظلوم، محکوم اور پسے ہوئے طبقات، کسانوں،مزدوروں اور ٹیچرز سمیت سرکاری ملازمین کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے اور ریاستی جبر کا بہادری کے ساتھ سامنا کرنے پر آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صوبائی چیئر مین شاہ علی بگٹی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر اورپاکستان سینٹرل ما ئنز لیبر فیڈریشن کے مر کز ی سیکرٹری جنرل سلطان محمد خان نے کہا کہ شاہ علی بگٹی نے بلوچستان کے سرکاری ملازمین کو بنیادی حقوق دلانے کی خاطر جو لازوال قربانی دی ہے آل پاکستان لیبر فیڈریشن ان کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،شاہ علی بگٹی نے ثابت کردیا ہے کہ محنت کش طبقے کے بنیادی حقوق کا حصول صرف انتھک محنت اور جدوجہد سے ہی ممکن ہے، آل پاکستان لیبر فیڈریشن اورپاکستان سینٹرل ما ئنز لیبر فیڈریشن نے ہمیشہ مزدوروں اور سرکاری ملازمین کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کیلئے جدوجہد میں صف اول کا کر دار ادا کیاہے۔ آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اورپاکستان سینٹرل ما ئنز لیبر فیڈریشن کے مر کز ی چیئرمین عبدالستار نے کہا کہ سلطان محمد خان کی قیادت میں شاہ علی بگٹی سمیت ٹریڈ یونین سے وابستہ ہم سب لوگ سماجی انصاف پر مبنی خوشحال معاشرے کی بنیادیں استوار کرنے کیلئے کوشاں ہیں وہ بھی ایک ایسامعاشرہ، جس میں بالا دست طبقات اور اشرافیہ نہیں بلکہ محنت کش طبقہ راج کرے، جہاں عوام امن، محبت اور آزادی کے نغمے گائیں اور ہر کسی کو آگے بڑھنے کے برابر مواقع میسر ہوں۔
