لسبیلہ(رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش) مین اسٹاپ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل روڈ پر ناجائز تجاوزات نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ دونوں اطراف ٹھیلے، ریڑھیاں اور غیر قانونی دکانیں قائم ہونے کی وجہ سے گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مریضوں کی آمد و رفت میں بھی رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں زرائع کے مطابق مین اسٹاپ پر قبضہ مافیا کو اوتھل کے چند بااثر افراد کی پشت پناہی حاصل ہے، جو مبینہ طور پر ان سے کرایہ بھی وصول کرتے ہیں، اسی وجہ سے ضلعی انتظامیہ مؤثر کارروائی سے گریزاں نظر آتی ہے۔ انتظامیہ صرف وقتی فوٹو سیشن تک محدود رہتی ہے، جس کے بعد تجاوزات دوبارہ قائم ہو جاتی ہیں اوتھل کے عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مین اسٹاپ اور ہسپتال روڈ کو فوری طور پر ناجائز تجاوزات سے پاک کیا جائے، تاکہ شہریوں اور مریضوں کو سہولت میسر آ سکے۔
