لسبیلہ(بیوروچیف) نیشنل پریس کلب اوتھل کے جملہ و عہدیداران نے اپنے جاری کردہ وضاحتی بیان میں ایک مقامی ٹیچر اور جی ٹی اے لسبیلہ کے عہدیدار کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پریس کلب اوتھل کے صحافی حق و سچ کی آواز بلند کرتے ہیں، اور سچ لکھنا ان کا آئینی و پیشہ ورانہ حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او اوتھل کے بھائی کی جانب سے الزام تراشی اور بیروزگاری جیسے الفاظ کا استعمال نہایت افسوسناک اور غیر اخلاقی ہے۔ صدر غلام قادر خاصخیلی اور سینئر نائب صدر حفیظ دانش اوتھل میں معتبر اور قانون پسند صحافی سمجھے جاتے ہیں، ان پر کرمنل یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا کوئی مقدمہ درج نہیں، اور وہ دیانتداری سے صحافتی فرائض انجام دے رہے ہیں پریس کلب نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے تو نیشنل پریس کلب اوتھل احتجاج کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ساتھ ہی ایس ایس پی لسبیلہ اور ڈی ای او سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او کے بھائی اور جی ٹی اے لسبیلہ کے اس عہدیدار کے خلاف فوری نوٹس لے کر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

