دالبندین(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر رہنما اور صوبائی کونسل کے رکن میر شاہنواز ریسانی نے پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے صوبے کے لیے نئی تنظیم کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے سردار سینیٹر محمد عمر گورگیج کو پیپلز پارٹی بلوچستان کا صدر، ربانی کاکڑ کو جنرل سیکریٹری اور ظہور بلیدی کو سیکریٹری اطلاعات مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔میر شاہنواز ریسانی کا کہنا تھا کہ سردار محمد عمر گورگیج ایک مخلص، دیانت دار اور عوام دوست رہنما ہیں، جنہوں نے اپنے سابقہ دور میں بلوچستان خصوصاً ضلع چاغی میں بجلی، روزگار اور دیگر ترقیاتی منصوبے لا کر عوامی خدمت کی روشن مثالیں قائم کیں۔انہوں نے کہا کہ قومی گریڈ سے چاغی کو بجلی کی فراہمی، نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع اور دیگر عوامی مفاد کے منصوبے سردار گورگیج کی عوام سے محبت کا عملی ثبوت ہیں۔آخر میں میر شاہنواز ریسانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی صوبائی قیادت پارٹی کو بلوچستان بھر میں مزید متحرک کرے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

