منشیات روک تھام یقینی بنانا ہم سب کا فرض ہے،ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان

جعفرآباد(این این آئی)ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت انسداد منشیات کے استعمال کے خلاف اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جلیل احمد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، محکمہ ایکسائز سمیت مختلف محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں منشیات کے خلاف کی گئی کاروائیوں اور اس کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہم سب کا فرض ہے، منشیات نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں، ہمیں اجتماعی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ نوجوانوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کے عادی افراد کی نشاندہی کی جائے تاکہ انہیں صوبائی دارالحکومت ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز بھجوایا جا سکے جہاں ان کا بہتر علاج ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے، پولیس اور محکمہ ایکسائز مل کر شہر بھر میں منشیات فروشوں کے اڈوں پر چھاپے ماریں اور اس گھناونے عمل میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے کیونکہ یہ عناصر نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے تک پہنچا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اس حوالے سے ہر ممکن دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور انسداد منشیات کیلئے تمام ادارے مل کر مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں