کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کا اپنے مطالبات کے حق میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ 29ویں روز بھی جاری رہا جہاں مختلف ملازمین تنظیموں کے عہدیداروں نے آکرکمیونٹی اساتذہ سے اظہار یکجہتی کیا۔بلوچستان کمیونٹی اسکولزٹیچرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر امین خان میانی نے کہا کہ ہمارا احتجاجی کیمپ اپنے جائز مطالبات حل ہونے تک جاری رہے گا ہمارے ٹیچروں کا براہ راست بی ای ایف کے ساتھ معاہدہ اور تھرڈ پارٹی کو ختم کیا جائے اگر بی ای ایف نے زبردستی کالا قانون نافذ کرنے کی کوشش کی تو صوبے بھر میں اسکولوں کی تالہ بندی اور ڈسٹرکٹ پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2024-25کے بجٹ میں بھی کمیونٹی اساتذہ کے ساتھ دھوکہ کیا گیا اور اب 2025-26کے بجٹ میں بھی ہمیں اپنے حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے صوبائی حکومت وفاق کی طرز پر دی گئی کم از کم اجرت جو مزدور کیلئے مقرر کی گئی ہے ہمارے کمیونٹی اساتذہ کو دی جائے اور ہمیں پروفیشنل الاونس دیا جائے۔

