پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا پولیس اہلکاروں کے شہدا پیکیج اور یونیفارم الاؤنس میں اضافہ کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی حکومت نے پولیس اہلکاروں کے شہدا پیکیج میں 10لاکھ روپے سے ایک کروڑ 10لاکھ روپے تک اور یونیفارم الاؤنس میں 4تا 6ہزار روپے کا اضافہ کردیا۔صوبائی محکمہ خزانے نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق شہدا پیکیج میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہدا کے خاندانوں کو پلاٹ بھی دیے جائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کانسٹیبل رینک کیلئے شہیدا پیکیج میں 10لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور یہ ایک کروڑ سے بڑھ کر ایک کروڑ 10لاکھ ہوگیا ہے۔اسی طرح آئی جی لیول کے افسران کیلئے شہدا پیکیج میں ایک کروڑ 10لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیکیج ایک کروڑ سے بڑھ کر دو کروڑ 10لاکھ روپے ہوگیا ہے۔شہدا کے خاندانوں کو (شہید کے)رینکس کے تناسب سے 5مرلے سے لے کر ایک کنال کے پلاٹ بھی ملیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینکس تک کے یونیفارم الاؤنس میں 4ہزار روپے سے لے کر 6ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

