پاکستانی زرعی گریجویٹس چین میں تربیت مکمل کرکے وطن واپس، وزیراعظم کا اظہار مسرت

اسلام آباد(این این آئی)پاکستانی زرعی گریجویٹس کا پہلا بیچ چین میں تربیت مکمل کر کے واپس پہنچ گیا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی زرعی گریجویٹس کا پہلا بیچ چین کے صوبہ شانشی میں کامیابی سے عملی تربیت مکمل کر چکا ہے، جو ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ تقریباً300پاکستانی زرعی گریجویٹس نے پانی کی بچت پر مبنی آبپاشی، بیج کی پیداوار، مویشی پالنے، زرعی پیداوار میں اضافے اور فصلوں کی کٹائی کے بعد نقصانات کی روک تھام جیسے اہم شعبوں میں عملی تربیت حاصل کی ہے۔انہوں نے چینی قیادت، شانشی حکومت اور تربیت فراہم کرنے والی دونوں جامعات کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر وزارتِ قومی غذائی تحفظ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستانی سفارتخانے بیجنگ کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ بیچ اس 1000پاکستانی زرعی گریجویٹس کی تربیتی سکیم کا حصہ ہے،جس کا اعلان انہوں نے جون 2024میں اپنے دورہ چین کے دوران کیا تھا۔ یہ پروگرام نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کو جدید زرعی مہارتوں سے آراستہ کرے گا بلکہ ملکی زرعی پیداوار میں بہتری اور غذائی تحفظ کے اہداف کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں