پاکستان کاشام پر اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار،شامی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام کا مطالبہ

نیویارک(این این آئی)پاکستان نے شام پر اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شامی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام کا مطالبہ کردیا۔ترک نشریاتی ادارے انادولو کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے شام کی صورتحال پر سلامتی کونسل سے خطاب میں شام کے شہروں السویدا، درعا اور دمشق میں کیے گئے اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔عاصم افتخار نے ان حملوں کو بین الاقوامی قانون کی سنگین اور دانستہ خلاف ورزی اور شدید اشتعال انگیز قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ شام اس وقت ایک نازک مگر اہم مرحلے سے گزر رہا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ شام کو بحالی کیلئے گنجائش مہیا کرے۔انہوں نے کہاکہ ایسے ماحول میں اسرائیل کے جانب سے شامی ریاستی اداروں پر غیر ذمہ دارانہ حملے نہ صرف نقصان دہ ہیں بلکہ عقل سے بھی عاری ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ یہ استثنیٰ ختم ہونا چاہیے، اسرائیل کے اقدامات نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ بالآخر خود اس کیلئے نقصان دہ ہیں، کیونکہ یہ وہی عدم استحکام پیدا کرتے ہیں جسے اسرائیل روکنے کا دعویٰ کرتا ہے۔ انہوں نے شام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو جوابدہ نہ ٹھہرانے کے باعث خلاف ورزیاں مزید بڑھ گئی ہیں،اسرائیل کی خلاف ورزیاں یو این چارٹر اور عالمی قانون کے نظام کو کمزور کر رہی ہیں، اسرائیلی اقدامات خطے کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی کوشش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں