بلوچستان لیویز فورس ریاست کے بازو ہیں، عبدالغفار مگسی

کوئٹہ(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے کردگاپ لیویز تھانے پر ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملے کے دوران شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ڈی جی لیویز نے اس اقدام کو فورس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف اور ان کے بلند حوصلے کو سراہنے کے لیے ایک لازمی قدم قرار دیتے ہوئے کہا بلوچستان لیویز فورس ریاست کے بازو ہیں۔ ہمارے اہلکاروں نے کردگاپ میں جس مستعدی اور جانفشانی سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، وہ نہ صرف محکمہ لیویز بلکہ پورے بلوچستان کے لیے فخر کا باعث ہے۔ ہم ان کی قربانیوں کو صرف سراہیں گے نہیں بلکہ انہیں ہر ممکن سطح پر سپورٹ بھی کریں گے۔ڈی جی لیویز کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق مقابلے کے وقت تھانے میں ڈیوٹی پر موجود تمام اہلکاروں کو “ایپریسیشن سرٹیفیکیٹ” دیے جائیں گے، جب کہ نقد انعام ان اہلکاروں کے لیے ہے جنہوں نے مقابلے کے دوران فرنٹ لائن پر دہشتگردوں کا مقابلہ کیا عبدالغفار مگسی کا مزید کہنا تھا کہ لیویز فورس بلوچستان کے طول و عرض میں قیامِ امن، قانون نافذ کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فورس کی حوصلہ افزائی اور فلاح کو ترجیح دینا محکمانہ پالیسی کا حصہ ہے، اور آئندہ بھی بہادری اور فرض شناسی کے مظاہرے پر اہلکاروں کو اسی طرح عزت و وقار دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں