ر کشمیریوں کی تیسری نسل حق خوداردیت کے حصول کیلئے اپنے آباو اجداد کی طرح پرعزم ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے یوم الحاق کشمیرکے موقع پر کہا ہے کہ 10لاکھ بھارتی فوج کی درندگی اور سفاکیت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام ہے اور کشمیریوں کی تیسری نسل اپنے حق خوداردیت کے حصول کیلئے اپنے آباو اجداد کی طرح پرعزم ہے۔جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یوم الحاق کشمیر ہر سال 19جولائی 1947کو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سری نگر کے اجلاس کی یاد میں منایا جاتا ہے، اس دن کشمیر کے غیور عوام نے ریاست جموں و کشمیر کی پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی جو داستان 1947میں شروع ہوئی تھی وہ آج بھی نہ صرف جار ی و ساری ہے بلکہ 10لاکھ بھارتی فوج کی درندگی اور سفاکیت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں اضافہ ہو اہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی تیسری نسل آج بھی اپنے حق خوداردیت کے حصول کیلئے اپنے آباو اجداد کی طرح پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہائیوں پر محیط غیور کشمیریوں کی غیر قانونی تسلط کے خلاف جدوجہد ان کی جذبہ حب الوطنی اور آزادی کیلئے سچی طلب کی غمازی کرتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل ہی کشمیریوں کے حقوق اور خطے میں امن کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں