کوئٹہ،چینی کی قیمت میں کمی نہ آ سکی، فی کلو چینی 190روپے میں فروخت

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں کمی نہ آ سکی، شہرہ مہنگے داموں چینی خریدنے پر مجبور نظر آ رہے ہیں۔رپور ٹ کے مطابق رواں ماہ 10روپے اضافے کے بعد فی کلو چینی 190روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ ڈیلرز چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔کوئٹہ کی مارکیٹ میں رواں ہفتے چینی کی قیمت میں 5روپے فی کلو اضافے کے بعد 190روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے جبکہ شہر کے نواحی علاقوں میں چینی 195روپے فی کلو تک بھی فروخت ہو رہی ہے۔ شہر کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی 183روپے فی کلو دستیاب ہے جبکہ شہری چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید پریشان ہیں۔شہریوں نے کہاہے کہ کوئٹہ میں کہیں چینی 180اور کہیں 190کی فروخت کی جا رہی ہے جبکہ کچھ جگہوں پر چینی 250فی کلو بھی بیچی جا رہی ہے مگر دکانداروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق رواں ماہ ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے کہاکہ شہر میں چینی کی قیمتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور بلا جواز قیمتوں میں اضافے یا ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔معاشی ماہرین نے چینی کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ ذخیرہ اندوزی اور ہمسایہ ملک میں سمگلنگ کو قرار دیاہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ان عوامل کی روک تھام کی جائے تو چینی کی قیمتوں میں کمی اور استحکام لانا ممکن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں