ٹھل(این این آئی)سندھ کے شہر ٹھل میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں نوکری کی تلاش میں آئے دو نوجوان ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے۔سفاک ڈاکوؤں نے تیز دھار آلے سے دونوں نوجوانوں کی گردنیں کاٹ دیں، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔واقعہ تھانہ سی سیکشن کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے لاڑکانہ ریفر کردیا گیا ہے۔زخمی کی شناخت محمد سلیمان کے نام سے ہوئی ہے جو ملتان کا رہائشی ہے، جبکہ جاں بحق نوجوان کی شناخت وحید احمد شیخ کے نام سے کی گئی ہے جوکہ خانیوال سے تعلق رکھتا تھا۔ مقتول کی لاش تاحال جائے وقوعہ پر موجود ہے۔سی سیکشن پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور جیسے ہی حقائق سامنے آئیں گے، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہریوں نے اس سفاکیت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

