پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو کے لیے ڈیجیٹل کرایہ نظام کی منظوری دیدی

لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت نے لاہور کی اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے ڈیجیٹل کرایہ ادائیگی نظام کی منظوری دے دی ہے،یہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مکمل ہونے والا پہلا برقی ریلوے منصوبہ ہے۔ گوادر پرو کے مطابق منصوبے کے تحت روایتی ٹوکن سسٹم کو ختم کر کے بارکوڈ پر مبنی جدید نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے مسافر کریڈٹ، ڈیبٹ، اے ٹی ایم کارڈز اور موبائل والٹس کے ذریعے کرایہ ادا کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں این ایف سی ٹیکنالوجی پر مبنی ”ٹیپ اینڈ گو“سسٹم بھی لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو پورے ماس ٹرانزٹ نیٹ ورک پر آسان اور فوری رسائی حاصل ہو۔حکومت نے ”ٹی-کیش کارڈ“کے نام سے ایک یکساں کارڈ کی منظوری بھی دی ہے جو اورنج لائن کے تمام 27 اسٹیشنز پر استعمال کیا جا سکے گا۔ طلبہ کے لیے خصوصی رعایتی ٹرانزٹ کارڈز بھی جلد متعارف کروائے جائیں گے۔ گوادر پرو کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کا پہلا شہری ریلوے نظام ہے بلکہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ”بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو“ کے تحت مکمل ہونے والا پہلا بڑا عوامی انفرا اسٹرکچر منصوبہ بھی ہے جس کا افتتاح 25 اکتوبر 2020 کو ہوا تھا۔اورنج لائن میٹرو ٹرین بجلی سے چلتی ہے، جس کا مقصد زیرو آلودگی اور زیرو اخراج حاصل کرنا ہے۔ اندازہ ہے کہ اس سے ہر سال ایندھن کے اخراج میں 30,000 ٹن کی کمی آئے گی۔ سی پیک کے ابتدائی منصوبوں میں شامل اس منصوبے کو چائنا ریلوے گروپ کارپوریشن اور چائنا نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا، جبکہ اس کے لیے چین کی جانب سے 1.6 ارب ڈالر کا قرض فراہم کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں