اسلام آباد (این این آئی)نیوکاسل یونائیٹڈ کے سابق اسٹار نولبرٹو سولانو اگلے ماہ پاکستان کی سینئر اور انڈر-23 فٹبال ٹیموں کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے،یہ تقرری حال ہی میں منتخب ہونے والی پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی قیادت کی جانب سے پہلا بڑا قدم ہے۔پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی نے بتایا کہ انہیں توقع ہے کہ پیرو کے سابق وِنگر نولبرٹو سولانو پاکستان کی قومی ٹیم کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد دیں گے۔محسن گیلانی نے کہاکہ وہ قومی ٹیم میں خاص طور پر کھیلنے کے انداز میں توانائی اور جوش لائیں گے، انہوں نے سولانو کے بطور پیرو کی قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ تجربے کو بھی اہم قرار دیا۔سولانو نے ریکارڈو گاریسا کے معاون کے طور پر 7 سال تک خدمات انجام دیں اور اس دوران پیرو نے 36 سال بعد پہلی بار فیفا ورلڈ کپ 2018 کے لیے کوالیفائی کیا، وہ انڈر-23 ٹیم کے کوچ بھی رہے اور 2022 تک اس کردار میں رہے، جب پیرو قطر ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلیا سے پلے آف ہار کر باہر ہوا۔بعد ازاں سولانو نے سوئیڈن کے دوسرے درجے کے کلب اے ایف سی ایسکل اسٹونا اور انگلینڈ کے 7 ویں درجے کے کلب بلیتھ اسپارٹنز کی کوچنگ کی تاہم دونوں میں ان کا وقت کامیاب نہیں رہا، بلیتھ اسپارٹنز میں انہیں صرف 6 میچوں کے بعد برطرف کر دیا گیا۔پاکستان کی کوچنگ سے انہیں اپنے کیریئر کو ازسرِنو تعمیر کرنے کا موقع ملے گا، ان کا پہلا ٹاسک انڈر-23 ٹیم کی قیادت ہوگا، جو ستمبر میں 2026 اے ایف سی انڈر-23 ایشین کپ کے کوالیفائرز میں گروپ جی میں میزبان کمبوڈیا، عراق اور عمان کا سامنا کرے گی۔سولانو پاکستان کی سینئر ٹیم میں اسٹیفن کونسٹنٹائن کی جگہ لیں گے اور 2027 کے اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کے بقیہ میچز کی نگرانی کریں گے، جن کا آغاز اکتوبر میں افغانستان کے خلاف 2 میچوں سے ہوگا۔اسٹیفن کونسٹنٹائن نے اکتوبر 2023 میں پاکستان کو ورلڈ کپ کوالیفائر میں پہلی فتح دلوا کر تاریخ رقم کی تھی، لیکن ان کا ایک سالہ معاہدہ نومبر میں ختم ہونے کے بعد وہ میچ بہ میچ معاہدے پر ٹیم کے ساتھ منسلک رہے، اب وہ بھارت کی قومی ٹیم کے خالی ہیڈ کوچ عہدے کیلئے امیدوار ہیں۔

