اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور انٹرنیٹ کارپوریشن فار اسائنڈ نیمز اینڈ نمبرز (آئی سی اے این این) کے اشتراک سے“ڈی این ایس آپریشنز اور ڈی این ایس ایس ای سی ورکشاپ”کے عنوان سے پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ 21 سے 25 جولائی 2025 تک جاری رہی، جس کا مقصد ٹیلی کام شعبے کی تکنیکی استعداد میں اضافہ اور ڈی این ایس ایس ای سی ری ویلیڈیشن کو بہتر بنانا تھا۔ ورکشاپ میں ٹیلی کام آپریٹرز اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ایک اہم پیش رفت کے طور پر، اے پی این آئی سی (اے پی این آئی سی) ویب سائٹ پر پاکستان کا ڈی این ایس ایس ای سی ری ویلیڈیشن اسکور 85 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے، جو کہ خطے میں سب سے بلند سطح ہے،جو پاکستان کے مضبوط و محفوظ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے قیام کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن تھے، جنہوں نے پی ٹی اے کی سائبر سیکیورٹی کے فروغ کے لیے جاری کاوشوں پر زور دیا۔ اس موقع پر ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) خاور صدیق کھوکھر بھی موجود تھے۔تقریب میں آئی سی اے این این کے ٹرینرز فہد بطاینے اور محمد یزید اکنھو کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔واضح رہے کہ پی ٹی اے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ملک میں ایک محفوظ اور پائیدار ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

