کراچی (این این آئی) سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ 30جولائی کو ہونے والے اجلاس میں شرحِ سود میں 3 سے 4 فیصد تک نمایاں کمی کی جائے۔ اعلامیہ میں چیئرپرسن صائمہ اختر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں میں حقیقی بہتری لانے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے شرحِ سود میں کم از کم 3 فیصد کمی ناگزیر ہے ۔ایس ایم اے پی کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے کہا کہ بلند شرحِ سود صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے ، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے (ایس ایم ایز)شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ شرحِ سود میں کمی سے کاروبار کو درکار ورکنگ کیپٹل میں بہتری آئے گی اور ان کی پیداواری صلاحیت کو نئی جِلا ملے گی۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سستی اور باآسانی دستیاب مالی سہولیات سے ملک کی نمک پروسیسنگ سمیت دیگر مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کو تکنیکی اپ گریڈیشن، پیداواری دائرہ کار بڑھانے اور برآمدی مسابقت میں بہتری لانے کا موقع ملے گا۔

