لسبیلہ: گنجہ وار نیٹ کے آزادانہ استعمال سے سمندری حیات کو شدید خطرہ، محکمہ فشریز کی مبینہ چشم پوشی

لسبیلہ(بیوروچیف)لسبیلہ کے ساحلی علاقوں میں محکمہ فشریز کی مبینہ چشم پوشی اور افسران کی ملی بھگت سے گنجہ وار نیٹ (باریک جال) کے آزادانہ استعمال نے سمندری حیات کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ماہی گیروں کے مطابق گنجہ وار نیٹ ایک ایسا ممنوعہ جال ہے جس میں بڑی کے ساتھ ساتھ نہایت چھوٹی مچھلیاں بھی پھنس جاتی ہیں، جس سے مچھلیوں کی نسل کشی تیزی سے جاری ہے۔زرائع کے مطابق ضلعی سطح پر محکمہ فشریز کی کارکردگی نہایت مایوس کن ہے اور افسران کی خاموشی اس غیر قانونی عمل کی پشت پناہی کا واضح ثبوت ہے۔ ماہی گیر برادری کا کہنا ہے کہ کئی بار شکایات کے باوجود کارروائی نہ ہونے سے تاجر اور طاقتور ماہی گیر بے خوف ہوکر گنجہ وار جال کا استعمال کر رہے ہیں۔عوامی و ماہی گیر حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبائی وزیر فشریز اور دیگر بالا حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ لسبیلہ کے ساحلی علاقوں میں گنجہ وار نیٹ پر فوری پابندی عائد کی جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سمندری حیات اور ماہی گیر برادری کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں