جوان ملکی دفاع،عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں،سید جہانگیرشاہ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما سید جہانگیر شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں،سیاسی جماعتوں کے قائدین فوج پر بلاجواز تنقید کرکے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا پوری پاکستانی قوم پاک فوج اوردیگر اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں لاہور میں عاصمہ جہانگیر کی برسی کے موقع پر ہونے والے سیمینار کے دوران بلوچستان کے دو سابق وزراء اعلیٰ سردار اختر جان مینگل اورڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج،ایف سی،پولیس اوردیگرسیکورٹی ادارے سرحدوں کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سردار اختر مینگل کے بھائی جاوید مینگل بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں سرداراختر جان مینگل کو فوج پرتنقید کرنازیب نہیں دیتا۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں پر بلاجواز تنقید کی جس کی مسلم لیگ(ن) کے کارکن سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم ملک کے دفاع کرنے والی پاک فوج اوردیگرسیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے خلاف بات کرنے والے سیاستدانوں کا عوام محاسبہ کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمے کے نام پر معرض وجود میں ہے اورانشاء اللہ پاکستان ہمیشہ قائم ودائم رہے گا پاکستان کے خلاف بات کرنے والے عوام اور ملک کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے سیاسی جماعتوں کے قائدین فوج اوردیگر اداروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں انہیں کوئی حق نہیں پہنچاتا کہ وہ سیکورٹی فورسز پربلاجواز تنقید کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین ملک اورفوج کے خلاف ہرزہ سرائی سے باز آجائیں بصورت دیگر وہ عوام کے غیض وغضب سے نہیں بس سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں