کوئٹہ(این این آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے ہفتہ کو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے عمران حیات اور دیگر آل ڈویژن افسران سے ملاقات کی ملاقات میں ریلوے کو درپیش مسائل اور ان کے فوری حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ریلوے ٹریک کی مرمت، اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، مسافروں کو درپیش مشکلات، صفائی و سیکیورٹی کے انتظامات اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے جیسے امور زیرِ بحث آئے۔ میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ عوام کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متعلقہ حکام کے باہمی تعاون سے ریلوے نظام میں بہتری لانے اور درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو جدید اور بہتر سفری سہولیات میسر ہو۔ا س سے قبل پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کوئٹہ میں قائم پاکستان ریلوے انسٹیٹیوٹ کے تاریخی کلب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 1928ء میں تیار کی گئی قدیم بلیئرڈ ٹیبل کا معائنہ کیا ساگوان کی لکڑی اور پتھر کی مضبوط سلیب سے بنی تقریباً پانچ سو کلو وزنی یہ نادر میز آج بھی اپنی اصل شان و شوکت کے ساتھ ماضی کی داستان سنا رہی ہے۔یہ تاریخی بلیئرڈ ٹیبل برطانوی دور میں لورالائی میں تعینات فوجیوں کے زیرِ استعمال رہی اور بعد ازاں رابرٹ مارکیٹ، کوئٹہ کینٹ میں کھیلوں کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بنی 1940ء میں سابقہ نارتھ ویسٹرن ریلوے کی انتظامیہ نے اسے حاصل کیا اور تب سے یہ پاکستان ریلوے انسٹیٹیوٹ کی عظمت میں اضافہ کر رہی ہے۔میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ ایسے تاریخی مقامات نہ صرف ہماری قومی تاریخ کا حصہ ہیں بلکہ نئی نسل کے لیے بھی ایک سبق اور ترغیب کا ذریعہ ہیں۔

