مظفر آباد (این این آئی)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کا دورہ کیا اور نو منتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے نوُمنتخب صدر سہیل مغل، سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی سمیت جملہ عہدیدران کو مبارکباد دی۔ سینٹرل پریس کلب آمد پر نومنتخب صدر سہیل مغل اور سیکرٹری جنرل شہزاد لولابی سمیت دیگر عہدیداروں اور سینئر صحافیوں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے سنٹرل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میڈیا کی آزادی،آزاد صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے عوام کو خوشخبری سنائی کہ اووسیزکشمیریزکانفرنس آزاد خطہ کی معاشی ترقی میں بڑاسنگ میل ثابت ہو گی۔آزاد کشمیر حکومت ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرئے گی جس کے نتیجہ میں ریاست کے اندر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گیاور حقیقی معنوں میں ترقی کے اہداف کو پورا کرنے اور بے روز گاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تعاون کے بغیر دیر پا ترقی اور خوشحال ریاست کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔دو ماہ میں سیاسی جمود توڑ کر عوام کا اعتماد بحال کیا۔عوام کو بنیادی ضرویات کی فراہمی کے لیے حکومت کوشاں ہے۔مختصر عرصہ میں کابینہ کے سات جبکہ قانون ساز اسمبلی کے تین اجلاس ہوئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے۔پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مل کر اقدامات کریں گے۔مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ میڈیا کا اہم کردار ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت،جمہوری اداروں کے استحکام اور صحافتی آزادیوں کے لیے سنٹرل پریس کلب کا ہمیشہ نمایا ں کردار رہا ہے۔ یہ ریاست کا اہم صحافتی ادارہ ہے۔سینئر صحافیوں نے میرے والد محترم کے ساتھ بھی وقت گزارا ہے، مظفرآباد کے ساتھ اپنے والد محترم کیوجہ سے آج تک ایک خصوصی تعلق قائم ہیجس سے کسی صورت فراموش نہیں کر سکتے۔وزیراعظم نے کہاکہ دارلحکومت کی ترقی اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔ وزیراعظم نے نو منتخب عہدیداران واراکین مجلس عاملہ سہیل مغل،شہزاد لولابی،شاہ ذیب افضل،خورشید چوہدری،اکمل جاوید،سید تصدق کاظمی،عارف عرفی،عباس گردیزی،عبدالواجد خان،خرم عطا شیخ،اشفاق شاہ،اشتیاق آتش،راجہ شوکت اقبال کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔

