اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کردی

ممبئی (این این آئی)بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ اداکارہ سون رازدان نے فلسطین میں جاری مظالم کے حوالے سے ایک جذباتی پوسٹ میں اپنے خاندانی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے آواز بلند کی ہے۔سون رازدان نے انکشاف کیا کہ ان کے نانا، جو جرمن شہری تھے، ہٹلر کے دور حکومت میں نازی حکومت کی مخالفت میں ایک خفیہ اخبار چلاتے تھے۔ اس جرات کی پاداش میں انہیں شدید اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے انسٹاگرام پر جاری طویل نوٹ میں لکھا کہ قانونی مدد ان کے نانا کی رہائی ممکن ہوگئی اس طرط پر کہ وہ دوبارہ جرمنی واپس نہ جائیں۔ سون نے لکھا کہ ان کے نانا کا یہ حوصلہ ان کے خاندان کیلئے باعثِ فخر ہے۔سون رازدان نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ خاموشی اختیار کرنا ناانصافی کے وقت جرم کے مترادف ہے اور ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا جو حق کیلئے آواز بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دنیا جلد انصاف کا ساتھ دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں