کراچی(بزنس رپورٹر)ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔ادھر سونے بھی سستا ہوگیا۔ ماہرین کے مطابق امریکا کے ساتھ 19 فیصد کے رعایتی ٹیرف پر تجارتی معاہدے سے درآمدی لاگت اور ڈالر کی طلب میں کمی کے علاوہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں بتدریج کمی کے رحجان کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعے کو بھی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر 15 پیسے کی کمی سے 282 روپے 72پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 20 پیسے کی کمی سے 285 روپے 30 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا ایک ڈالر کی معمولی کمی سے 3302 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں معمولی کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 100 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 52 ہزار 900 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 86 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 2 ہزار 555 روپے ہوگئی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3900روپے پر مستحکم ہوگئی۔

