کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے اشیاء خوردونوش میں جعل سازی اور صارفین کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ میں معروف کمپنی نیشنل کے جعلی و ناقص مصالحوں کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ کارروائی نیو اڈا اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے دو ہول سیل ٹریڈرز کے خلاف خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سے ہزاروں پیکٹ جعلی مصالحوں کے ضبط کیے گئے۔ڈائریکٹر آپریشنز محمد ریاض ناصر کے مطابق یہ جعلی مصالحہ جات دیگر صوبوں سے غیر قانونی طور پر کوئٹہ منتقل کرکے صوبے کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں سپلائی کیے جا رہے تھے۔ ضبط شدہ پیکٹس میں پیکنگ، لیبلنگ اور برانڈنگ اس انداز میں کی گئی تھی کہ عام صارف کے لیے انہیں اصلی اور جعلی میں فرق کرنا انتہائی مشکل تھا۔قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور صارفین کی صحت کو خطرے میں ڈالنے پر دونوں ٹریڈرز فوری طور پر سیل کر دیے گئے۔ مزید تحقیقات کے دوران اس نیٹ ورک کے مرکزی سپلائرز اور مین ڈسٹریبیوٹرز تک پہنچنے کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ جعلی و ناقص اشیاء خورونوش کا کاروبار کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ صوبے میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اشیاء خوردونوش کے کاروبار میں جعل سازی عوام کی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے جس کے پیشِ نظر اتھارٹی عوام کو ملاوٹ سے پاک اور محفوظ خوراک فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کر رہی ہے۔ جلد ہی جعلی مصالحے بنانے والے کارخانوں اور مرکزی ڈسٹریبیوٹرز کا سراغ لگا کر ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اشیاء خوردونوش خریدتے وقت پیکنگ، لیبلنگ اور ایکسپائری ڈیٹ ضرور چیک کریں اور کسی بھی مشکوک پروڈکٹ یا سپلائر کی اطلاع فوراً اتھارٹی کے ہیلپ لائن نمبر- 4664507-0333 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

