گلگت(این این آئی)وزیر اعلی گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا ہے کہ گوجال گلمت میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے مقامی آبادی کو پہنچنے و الے نقصانات کی بابت وزیر اعلی گلگت بلتستان کو مکمل بریفنگ دی جا چکی ہے اور وزیر اعلی کی ہدایت پر حسن آباد اور گلمت میں سیلاب متاثرین کی مدد اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ایمرجنسی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ہنزہ، ڈیزاسٹر منجیمنٹ اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کو بحالی اور امداد کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ گزشتہ ایک مہینے سے گلگت بلتستان، خصوصا ہنزہ، گلگت، اور حسن آباد نالے کے علاقوں میں شدید سیلابی ریلے آئے ہیں جنہوں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ اس قدرتی آفت نے نہ صرف انفراسٹرکچر کو تباہ کیا بلکہ سیلاب متاثرین کی زندگیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی انتظامیہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نقصانات کے ازالے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس مشکل گھڑی میں سب کو مل کر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ دعا ہے کہ اللہ پاک ہم سب کو ہر قسم کی قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔

