کوئٹہ (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ہمیں اسکی قدر کرنی چایئے اس ملک کی آزادی کے لئے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اس کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لئے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا،اس جشن آزادی پر ہمیں “معرکہ حق” میں کامیابی پر اپنی حکومت اور عسکری قیادت کوخراج تحسین پیش کرناہے کہ جنہوں نے ہمارے دشمن انڈیا کو صرف کچھ گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیااس وطن کی آبپاری،ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمارے بزرگوں،پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے افسران،جوانوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم سب یکجا ہو کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں، جس کا خواب علامہ اقبال ؒنے دیکھاتھا جہاں ہر فرد کو برابری کے حقوق حاصل ہوں اور ہمیں بھی پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے اپنا کرداراداکرناہوگا۔پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے رابطہ آفس سے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر جاری ہونے والے ایک پیغام میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی چیلنجوں اور دہشت گردی کی عفریت کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں بدامنی پھیلاکر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم کر کے ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی ہم ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نہ کر سکے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا دن تجدید و عہد کا دن ہے یہ دن ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ہمیں ایک آزاد اور خودمختار ملک دیا ہمارے بزرگوں نے اس ملک کوبنانے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں ان کی قدر کرنی چاہیے اور پاکستا ن کی سلامتی،خودمختاری اور ترقی کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے جشن آزادی کے موقع پر بے گناہ اور معصوم شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو دہشت گردی کانشانہ بنانے والے کسی بھی طرح ملک اور صوبے کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے دہشتگرد عناصر اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے بیگناہ شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنارہے ہیں جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔

