پاکستان ہمارا ملک،عوام کی جان ہے، سالمیت، خود مختاری،استحکام بقاء کی ضمانت ہے،صادق عمرانی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے 78 ویں یوم آزادی (معرکہ حق)کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور عوام کی جان ہے، پاکستان کی سالمیت، خود مختاری اور استحکام ہماری بقاء کی ضمانت ہے، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ملک کے اندر آئین، قانون، مساوات اور فراہمی انصاف جمہوریت کی اصل روح ہے لہذا اس مبارک دن کے موقع پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم اس ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ آج ہمیں اندرون ملک اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں لہذٰا جو قوتیں پاکستان کی وحدت اور سالمیت کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں ہمیں یک جان ہوکر ان تمام دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا جو خدانخوستہ پاکستان کی تباہی چاہتے ہیں، میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان کی دفاع افواج پاکستان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے جو دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم پاکستان کی دفاعی قوت کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانا ہے تاکہ بین الاقوامی دشمنوں کا مقابلہ کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ پاک کی عطاء کردہ نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے ہم آزادی کی اہمیت اور افادیت ان محکوم قوموں سے پوچھیں جو غلامی کی زنجیروں میں جھکڑے ہوئے آزاد سانسوں کو ترستے ہیں، میر محمد صادق نے کہا کہ اس ملک کی آزادی کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا لہذا بحیثیت قوم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ ہم اندرونی اور بیرونی خطرہ سے نمٹنے کے لیے باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے سازشوں کا مقابلہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں